شاہی امام مولاناسیداحمدبخاری نے کہاہے کہ نام نہاد سیکولرپارٹیوں کا آزادی کے بعد سے ہی یہ رویہ رہاہے کہ وہ مسلمانوں کو خوف کی نفسیات میں مبتلاء کرکے انکے ووٹ کے ذریعہ اقتدار حاصل کریں اور فرقہ پرست طاقتوں سے سازباز کرکے مسلمانوں کو زندگی کے ہرشعبے میں پسماندہ رکھیں۔
آج یہاں جاری ایک بیان میں ملک میں سنگین فرقہ وارانہ صورت حال اور مرکز میں بی جے پی کے اقتدار کیلئے ان سیکولر پارٹیوں
کے غیرذمہ دارانہ اورغیرسنجیدہ اقدامات اورباہمی انتشارکو ذمہ دارقراردیتے ہوئے شاہی امام نے کہاکہ مرکز میں بی جے پی حکومت بنوانے کیلئے مسلمان نہیں بلکہ سیکولر پارٹیاں ذمہ دارہیں۔
امام بخاری نے کہاکہ جب جب الیکشن قریب آتاہے تویہ سیکولرپارٹیاں بعض پارٹیوں کے حوالے سے مسلمانوں کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور اقتدارمیں آنے کے بعد سب سے پہلے مسلمانوں کو ہی فراموش کردیتی ہیں۔